06/12/2018
جانوروں کی کُھرلی میں نمک کا ہونا کیوں ضروری ہے؟؟؟
نمک اِنسانوں، پوِدوں اور جانوروں کی صحت کیلیے خوراک کا ایک لازمی جُز ہے، نمک سوڈیم اور کلورائیڈ سے بھرپور ایک ایسا ٹانِک ہے جِس میں جانوروں کے لیئے بُہت زیادہ فائدے پنہاں ہیں۔ اِس کے ساتھ جانور کی صحت کے لیئے کُچھ اور لازمی مِنرلز جیسے کیلشیم، میگنیشیم، فاسفورس، سیلینیم، آئرن اور زِنک کی بھی نمک میں موجودگی اِس کی اہمیت کو مزید بڑھا دیتی ہے۔۔۔
دودھ دینے والے جانوروں کو روزانہ دودھ بنانے کیلیے نمک کی ضرورت پڑتی ہے کیونکہ دودھ میں موجود سوڈیم اور کلورائیڈ جانور کے جِسم میں دودھ بنانے کے عمل کے دَوران نمک کی ضرورت کو بڑھا دیتے ہیں، اِس کے ساتھ ساتھ دودھ دینے والے جانوروں اور کٹڑوں بچھڑوں میں نمک سے حاصِل ہونے والی کیلشیم کی ایک خاص اہمیت ہے جو کہ مظبوط ہڈیوں اور دانتوں کی بہتر نشونما کے لیئے اِنتہائی ضروری ہونے کے عِلاوہ دِل کی دھڑکن کو نارمل رکھنے، خون کو جمنے سے بچانے، مسلز کی حرکت اور جانور کے اعصابی اور دِماغی نظام کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابِت ہوتا ہے۔
اِس کے ساتھ ساتھ سوڈیم جانور کے وجود کی تیزابیت یا اساسیت کو کنٹرول کرتا ہے اور کلورائیڈ نظام انہظام کو کنٹرول کرنے کے ساتھ خون میں موجود تیزابیت کو بھی کنٹرول میں رکھتا ہے۔۔۔
نمک کی کمی کے نقصانات کیا ہیں؟؟؟
بظاہِر عام اور سستی سی لگنے والی اس نعمت کو اگر اہمیت نہ دی جائے اور جانور کی خوراک کا لازمی حِصّہ نہ بنایا جائے تو اِس سے بُہت سے نُقصانات اور مسائل جنم لیتے ہیں۔۔۔
1۔ دودھ کی پیداور میں نُمایاں کمی۔
2۔ بھوک کا کم ہوجانا۔
3۔ وزن کا نہ بڑھنا۔
4۔ کیلشیم کی کمی کی وجہ سے مِِلک فیور کا خطرہ پیدا ہونا۔
5۔ چھوٹے کٹڑوں اور بچھڑوں کا ہڈیوں کی کمزوری کی وجہ سے نشونما نہ پانا اور پولیو کا شِکار ہوجانا۔
6۔ نمک کی کمی، جسم میں شدید پانی کی کمی کا بھی باعث بن جاتی ہے جِس وجہ سے ڈی ہائیڈریشن کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
7۔ جانور کا غیر ضروری چیزوں جیسے مِٹی، کپڑوں رسی وغیرہ کا کھا کر کمزور ہوجانا۔ اس کے عِلاوہ بار بار پیشاب کرنا بھی نمک کی کمی کی ایک نشانی ہے۔
8۔ جانور کا اپنا پیشاب پینا بھی جانور میں نمک کی کمی کو ظاہِر کرتا ہے۔
9۔ بعض اوقات جانور فوڈ پوائزنِنگ کا شِکار ہو جاتا ہے جِسکی وجہ جِسم میں میگنیشیم کی کمی کا ہونا ہے نمک کی موجودگی اِس مسئلے کی روک تھام اور بچائو میں اہمیت کی حامل ہے۔
نمک کے فوائد کیا کیا ہیں؟؟؟
1۔ دودھ کی پیداور میں قابِل قدر اضافہ۔
2۔ اپھارے سے محفوظ رہنا۔
3۔ جانور کے کھروں اور سینگوں کا مظبوط ہونا۔
4۔ جانور کی بچّے پیدا کرنے کی صلاحیت میں اِضافہ ہونا۔
5۔ جانور کا مناسِب وقت پر ہیٹ میں آنا جِس سے جانور میں وقت پر بچّہ جننے کی صلاحیت کا پیدا ہونا۔
6۔ خوراک کا اچھی طرح ہضم ہو کر جِسم کا حِصّہ بننا۔ وغیرہ۔۔۔
پاکستان کے ہر عِلاقے سے مِلنے والے نمک کے پتھر کی ہر وقت کُھرلی یا جانوروں کے سامنے موجودگی نہ صِرف فارمرز کو بہت ساری پریشانیوں سے محفوظ رکھ سکتی ہے بلکہ فارمرز کو دوائیوں اور عِلاج پر اُٹھنے والے اخراجات سے بھی بچا سکتی ہے۔ اِس کے عِلاوہ بغیر کسی اضافی اخراجات کے دودھ میں قابل قدر اِضافہ، آمدن میں اضافے کا بھی سبب بن سکتا ہے۔