
28/03/2025
خرگوش کے حمل، گھونسلا بنانے اور بچوں کی پیدائش کا مکمل تفصیلی اور آسان گائیڈ
خرگوش ایک نہایت پیارا اور نازک جانور ہے۔ اگر آپ خرگوش پالتے ہیں یا ان کی افزائشِ نسل (breeding) کر رہے ہیں، تو یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ حمل کے دوران مادہ خرگوش کی کیسی دیکھ بھال کرنی چاہیے، اور وہ کب گھونسلا بناتی ہے اور کب بچے پیدا کرتی ہے۔
خرگوش کا حمل کتنے دن کا ہوتا ہے؟
خرگوش کا حمل بہت مختصر ہوتا ہے، عام طور پر 30 سے 32 دن تک۔ بعض اوقات یہ 28 دن میں بھی بچے دے دیتی ہے، اور بعض دفعہ 33 دن بھی لگ سکتے ہیں۔ ہر خرگوش کی طبیعت اور جسمانی حالت کے حساب سے یہ دورانیہ تھوڑا آگے پیچھے ہو سکتا ہے۔
خرگوش کے حمل کے مراحل:
1۔ دن 1 سے 14 – ملاپ اور ابتدائی حمل:
جب نر اور مادہ خرگوش کا ملاپ ہوتا ہے، تو چند ہی دنوں میں حمل ٹھہر جاتا ہے۔
اس دوران کوئی خاص جسمانی تبدیلی نظر نہیں آتی، مگر اندرونی طور پر جنین (بچوں کے ابتدائی خلیے) بننا شروع ہو جاتے ہیں اور اگر تجربہ کار فارمر ہو تو وہ پیٹ سے ہاتھ کے ضریعے معائنہ کر کے حمل کی تصدیق بھی کرسکتا ہے۔
اس دوران مادہ خرگوش کو پیٹ بھر کر اچھا کھانا دیں، جیسے ہری سبزیاں، صاف پانی، اور کیلشیم سے بھرپور خوراک۔
2۔ دن 14 سے 28 – بچے پروان چڑھ رہے ہوتے ہیں:
اس عرصے میں بچے مادہ کے پیٹ میں نشوونما پا رہے ہوتے ہیں۔
مادہ کا پیٹ ہلکا سا پھولنا شروع ہو جاتا ہے، اور آپ کو اس کے رویے میں نرمی یا چڑچڑاپن بھی نظر آ سکتا ہے۔
حمل کے 25 دن پورے ہونے پر ضروری ہے کہ ایک بریڈنگ بوکس فراہم کردیا جائے جس میں خرگوش گھونسلا بنا سکے، یاد رکھئے گا کہ خامیاب پیداوار کی شروعات اچھے بریڈنگ بوکس سے ہوتی ہے جہاں اچھا گھونسلا ہوگا وہیں محفوظ بچے بھی پیدا ہونگے
کچھ مادہ خرگوش تنہائی پسند ہو جاتی ہیں، یا دوسروں سے دور رہنے لگتی ہیں اور اسی دورانیہ میں اگر کوئی بیماری سے انفیکٹڈ مادہ ہو تو اسکی بیماری اس دورانیہ میں اٹیک بھی کرسکتی ہے لحاظہ مادہ کو لازمی غذائیت سے بھرپور خوراک اور اچھا ماحول فراہم کیا جائے۔
3۔ دن 28 سے 30 – گھونسلا بنانے کا وقت:
یہ وقت سب سے اہم ہوتا ہے، کیونکہ مادہ خرگوش بچے دینے کی تیاری شروع کر دیتی ہے۔
وہ گھاس، تنکے، کپڑا یا جو بھی نرم چیز میسر ہو، اسے ایک جگہ جمع کرنا شروع کرتی ہے۔
وہ اپنے جسم سے نرم بال نوچتی ہے اور گھونسلے میں رکھتی ہے تاکہ بچوں کو گرمائش ملے، یہ ایک فطری عمل ہے، اور اگر مادہ ایسا کر رہی ہو تو سمجھ لیں کہ مادہ بچے صحیح طریقے سے دیگی اور بچے جلد آنے والے ہیں۔
4۔ دن 30 سے 32 – بچوں کی پیدائش (Kindling):
عام طور پر بچے 31 یا 32 دنوں میں پیدا ہوتے ہیں، اور تعداد 5 سے 12 یا اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے، پیدائش کا عمل اکثر رات یا صبح سویرے ہوتا ہے، جب ماحول پرسکون ہو۔
بچے اندھے اور بغیر بالوں کے پیدا ہوتے ہیں، مگر مادہ انہیں اپنے بنائے گئے نرم گھونسلے میں محفوظ رکھتی ہے۔
بچوں کی پیدائش کے بعد کیا کریں؟
مادہ دن میں صرف ایک یا دو بار ہی بچوں کو دودھ پلاتی ہے۔ اگر وہ ہر وقت بچوں کے ساتھ نہیں رہتی تو پریشان نہ ہوں، یہ بالکل نارمل ہے۔
اگر بچے گرم، تھوڑا سا حرکت کرتے ہوں، اور جسم ان کا سخت ہو، تو وہ بالکل ٹھیک ہیں۔
اگر کوئی بچہ گھونسلے سے باہر آ جائے یا باوی بچوں سے الگ ہوجائے، تو صاف ہاتھوں سے یا دستانے پہن کر نرمی سے واپس باقی بچوں کے ساتھ رکھ دیں۔
اہم مشورے:
1. مادہ خرگوش کو حمل کے دوران تناؤ سے بچائیں۔
2. اسے پرسکون، صاف اور محفوظ جگہ دیں۔
3. اچھی خوراک، تازہ پانی، اور نرم گھاس مہیا کریں۔
4. پیدائش کے وقت غیر ضروری مداخلت سے گریز کریں۔
5. اگر خرگوش بیمار ہو یا بچہ پیدا نہ ہو رہا ہو، تو فوری کسی ویٹرنری ڈاکٹر سے رجوع کریں یا اس ٹاپک پر ہمارے یوٹیوب چینل سے رہنمائی حاصل کریں۔
نتیجہ:
خرگوش کے حمل اور بچے دینے کا عمل ایک نازک مگر خوبصورت مرحلہ ہے۔ اگر آپ تھوڑی سی توجہ اور محبت دیں، تو مادہ خرگوش نہ صرف صحت مند رہتی ہے بلکہ اس کے بچے بھی محفوظ اور تندرست پیدا ہوتے ہیں۔
تحریر عادل خان
سیف ریبٹ فارمز پاکستان.
Call/ whatsapp 0313/5098785
Atif Mughal
Mughal Rabbit Farm🐇🎀